اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام نے2014ء میں حکومت مخالف دھرنوں کے دوران کیبنٹ بلاک کے قریب ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کے مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوے ملزمان کو گرفتار کر کے 20 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔گزشتہ روزعدالت نے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کے مقدمہ کی سماعت کے دوران مذکورہ سزا کا حکم دیتے ہوئے ڈی ایس پی ادریس راٹھور کو خود وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانیکی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف باوردی اہلکار پر تشدد، کار سرکار میں مداخلت او انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔