• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحان اختر ایمان ویلانی کی ناقابلِ یقین اداکاری کے معترف

فرحان اختر ایمان ویلانی کی ناقابلِ یقین  اداکاری کے معترف ہو گئے— فائل فوٹو
فرحان اختر ایمان ویلانی کی ناقابلِ یقین اداکاری کے معترف ہو گئے— فائل فوٹو  

معروف بھارتی ہدایت کار و اداکار فرحان اختر نے پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز ’مس مارول‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی کی ناقابلِ یقین اداکاری کی تعریف کی ہے۔

فرحان اختر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سیریز ’مس مارول‘ میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے مارول اسٹوڈیوز کے پہلے ہی مسلم سپر ہیرو شو کا حصّہ بننے کا موقع ملا۔

قیام پاکستان سے متعلق متنازع ڈائیلاگ، مس مارول تنقید کی زد میں


اُنہوں نے کہا کہ پہلی مسلم سپر ہیرو کمالہ خان کو مداحوں کی جانب سے بہت محبت مل رہی ہے، یہ سیریز اس طرح کے مزید شوز بنانے کے لیے دروازے کھولے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو شکر گزار ہونا چاہیے کہ جن چیزوں کے بارے میں ہم سوچتے تھے کہ ہونی چاہئیں، وہ اب حقیقت میں ہو رہی ہیں اور ہم مزید اس طرح کے کچھ اور تفریحی لمحات کے منتظر ہیں۔

فرحان اختر نے بتایا کہ میرے سیریز کی کاسٹ میں شامل ہونے سے پہلے ہی بہت سا کام سیریز کے مصنفین، ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے اور ایگزیکٹو پروڈیوسر ثناء امانت نے کر لیا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب تک میں سیٹ پر آیا تو میرے کردار ولید کے لیے پہلے ہی پوری بیک اسٹوری بن چکی تھی، اُنہوں نے مجھے اس کردار کو مزید تفصیلات کے ساتھ سمجھنے میں مدد کی جیسے کہ ولید پہلی بار عائشہ یعنی مہوش حیات سے کب ملا، اس نے پہلی بار وہ چُوڑی (Bangle) کب دیکھی اور اس کردار کی اپنی کہانی کیا ہے؟

اُنہوں نے بتایا کہ پھر جب میں نے اپنے کردار کی شوٹنگ کروانی تھی تو میں سمجھ چکا تھا کہ ولید کون ہے اور اس کا مرکزی کردار  کمالہ خان کی کہانی میں کیا مقصد ہے۔

فرحان اختر نے ایمان ویلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرا کمالہ خان کے لیے وہاں موجود ہونا واقعی بہت اہم تھا اور اسی لیے بطور ایک اداکار میرے لیے ایمان ویلانی کی وہاں موجودگی اہم تھی اور اُنہوں نے اس شو میں ناقابلِ یقین اداکاری کی ہے، ایمان ویلانی قدرتی طور پر ہی ایک ہنر مند اداکارہ ہیں۔ 

فرحان اختر نےاپنے کردار کے بارے میں کہا ہے کہ ولید کو کمالہ کے علم کے علاوہ سامعین کو یہ احساس دلانے پر بھی توجہ مرکوز کرنی تھی کہ ولید کو صرف ایک چُوڑی (Bangle) سے ہی نہیں بلکہ کمالہ سے بھی محبت ہے اور وہ یہ بات جانتا ہے کہ کمالہ میں کوئی خاص بات ضرور ہے۔

فرحان اختر نے سیریز میں دکھائے گئے تقسیمِ ہند کے مناظر کے بارے میں کہا ہے کہ تقسیمِ ہند کا براہِ راست اثر کمالہ کے پورے خاندان عائشہ سے لے کر اس کی دادی تک سب پر پڑا۔ 

اُنہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس سیریز میں یہ بھی دیکھنے کو ملا کہ تقسیم کے وقت ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کیا ہوا، لیکن اسے سیریز میں موجود کرداروں کی زندگی کے ساتھ کس طرح باضابطہ طور پر جوڑا  گیا ہے، یہ دیکھنا بھی ضروری ہے۔

سیریز ’مس مارول‘ نامور پروڈکشن بینر ’مارول سنیمیٹک اسٹوڈیوز‘ کی پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز ہے جو اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز کی گئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید