گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سائلین کو بیرون ملک سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کیلئے سیشن سطح پر ای کورٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح سیشن جج گوجرانوالہ حبیب اللہ عامر، ایڈیشنل سیشن جج محمد اسحاق حاشر، ایڈیشنل سیشن جج محمد ارم ایاز ، صدر بار وقار حسین بٹ ، جنرل سیکرٹری عمران حیدر نقوی ، ممبر پنجاب بار کونسل امتیاز نور ملک ، سعید احمد بھٹہ نے کیا۔ اس موقع پر عدالت میں لگے ہوئے کیمرے اور فکس پروجیکٹر پر ایڈیشنل سیشن جج محمد اسحاق حاشر نے سیشن جج حبیب اللہ عامر اور وکلاء کو اس کورٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ای کورٹ پاکستان کی تاریخ میں سیشن سطح پر نہایت اہمیت کی حامل ہے اس کے ذریعے نہ صرف انصاف کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ وہ کیسز جن میں گواہان کو کسی قسم کاعدالت میں آتے ہوئے خطرہ لاحق ہے اسے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کئے جائیں گے اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ای کورٹ پوری دنیا میں کہیں بھی مقیم شخص کواپنے ناظر کے ذریعے سمن بھجوا کر بیانات کی ریکارڈنگ کیلئے بلوا سکتی ہے۔