سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری پی پی 140 شیخوپورہ کی انتخابی مہم میں متحرک ہوگئے۔
فواد چوہدری پارٹی قائد عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کا حصہ بنے ہیں۔
انہوں نے شیخوپورہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کیا اور کہا کہ پہلی بار ضمنی الیکشن کچھ لوگوں کے ضمیر مرجانے پر ہورہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے ضمنی الیکشن کسی امیدوار کے انتقال کرجانے کی وجہ سے ہوتے تھے،یہ پہلی بار ہے کہ انتخابی عمل کچھ لوگوں کے ضمیر مرنے پر ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اتنے بڑے سمندر کے سامنے کوئی نہیں ٹھہرتا،انتظامیہ ملازم ہے، اُسے بھی ٹھیک کرلیں گے، یکطرفہ الیکشن ہے، کوئی دھاندلی نہیں ہوسکتی۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں حکومت کس کی ہوگی، فیصلہ امریکا نہیں کرسکتا، ووٹ نہ دیا تو پاکستان ہمیشہ کیلئے غلامی کی زنجیروں میں جکڑا رہےگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی کا کوئی ذاتی اختلاف ہےتو پس پشت ڈال کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیں۔