• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک، چین راہداری منصوبے میں گلگت بلتستان کےعوام کو خصوصی پیکیج دیا جائے، مقررین

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی)پاک، چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے جہاں انڈسٹریل انقلاب برپا ہوگا وہاں پر گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ گلگت و بلتستان میں بسنے والے غیور عوام کیلئے رفاعی منصوبے شامل کئے جائیں تاکہ وہ لوگ حقیقی فوائد سے مستفید ہوسکیں۔ گلگت و بلتستان قدرتی حسن سے مالا مال ہیں، اتنے بڑے انڈسٹریل زون اور ہیوی ٹرانسپورٹ سے خارج ہونے والی آلودگی سے اس خوبصورت خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس کے ازالہ کیلئے وہاں کی عوام کی مرضی و منشا کے مطابق پاک، چین اقتصادی راہداری کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود سے منسلک پراجیکٹس کا آغاز بھی کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر انٹرنیشنل پیپلزالائنس کے صدر محمود کشمیری، صدر کشمیر فریڈم موومنٹ غلام حسین، خالد محمود ایم پی، سابق لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ، ڈاکٹر شبیر چوہدری، کونسلر عنصر علی خان، کونسلر محمد ادریس، سردار آفتاب، سردار امجد یوسف، رویندر پرساد، ڈاکٹر چترا راما کرشنا، تنویر الزمان، آفتاب خان یوکے، قمر جلیلحبیب الرحمٰن، پروفیسر نذیرتبسم، شاہد محمود، غضنفر محمود، عظمت پاشا اور دیگر نے کیا۔جبکہ کثیر تعداد میں کمیونٹی رہنمائوں اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ رہنمائوں اور دیگر مکاتب فکر کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پاک، چین اقتصادی راہداری کے منصوبہ میں گلگت و بلتستان کے عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا۔ ایم پی خالد محمود مرزا نے کہا کہ پاک، چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ناکام بنانے سے روکنا ہوگا۔ شوکت محمود کشمیری نے کہا کہ گلگت اور بلتستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر اس پراجیکٹ میں ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کوئی بھی منصوبہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتا جب تک وہاں کے عوام کی مرضی و منشاء اس میں شامل نہ ہو، لہذا گلگت اور بلتستان کے عوام کو مکمل اعتماد میں لیا جائے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی صحت مند بحث آئندہ بھی جاری رہنی چاہئے تاکہ کسی بھی منصوبے کے منفی اور مثبت اثرات سے لوگ مکمل آگہی حاصل کرسکیں۔
تازہ ترین