وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے عمران خان اینڈ کمپنی کے جھوٹ اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عدم اعتماد کے معاملے پر عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے پر ردِ عمل دیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’عدم اعتماد کے معاملے پر معزز عدالت کے فیصلے نے عمران اینڈ کمپنی کے جھوٹ اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا، عمران خان نے حکومت کی تبدیلی کو سازشی بیانے کا رنگ دینے کے لیے جھوٹ گھڑا‘۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’عمران خان کا جھوٹ قابلِ شرم ہے، سب کو عدالت کا یہ تفصیلی فیصلہ ضرور پڑھنا چاہیے‘۔
واضح رہے کہ عدالتِ عظمیٰ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تحریکِ عدمِ اعتماد کے موقع پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 5 (1) کے تحت جاری کی گئی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
86 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے قلم بند کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیرونی مداخلت پر دلیل سے مطمئن نہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ، تحریک عدم اعتماد مسترد کرنا غیر آئینی ہے۔