وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران نیازی فارن فنڈنگ کے فیصلے کو روکنے کے لیے بھی الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے دس بار فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ روکنے کی درخواست دی۔
اپنے ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان میں ہمت تھی تو عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرتا، عمران خان کو چور دروازے سے اقتدار میں لایا گیا تھا وہ چور دروازے سے بھاگ گیا۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پہلے کہا عدم اعتماد آنے پر خوش ہوں پھر اسے روکنے کی لاکھ کوششں کی، عمران خان کی خواہش ہے کہ الیکشن کمیشن انہیں صادق و امین قرار دے۔
اُنہوں نے کہا کہ غیر ممنوعہ اور مشکوک اکاؤنٹس سے ہونی والی فنڈنگ ناقابلِ تردید حقیقت ہے اور شوکت خانم ٹرسٹ کے لیے ملنے والا چندہ اپنی سیاسی جماعت کے نام لینا چوری نہیں تو اور کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے عمران خان سے سوال کیا کہ سچ سچ بتائیں پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کیا قیمت ملی تھی؟ کس کے ایجنڈے پر تم نے ملک کی معیشت تباہ کی؟
شازیہ مری نے کہا کہ لندن میں میئر کا الیکشن ہوتا ہے تو عمران پاکستانی نژاد امیدوار صادق خان کے خلاف مہم چلاتا ہے، بھارت میں الیکشن ہوا تو مودی کے جیتنے کی واضح خواہش کی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں غریب مزید غریب بشریٰ اور گوگی امیر ترین بن گئے جبکہ عمران خان بشریٰ اور گوگی کو بچانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔