کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کے نام صحافیوں کی ہراسیت کے حوالے سے ایک اور خط لکھا ہے۔جس کے ساتھ ایک اینکر پرسن کا خط بھی منسلک کیا ہے ۔ ایوان صدر پریس ونگ کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نےلکھا ہے کہ وزیر اعظم متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہراسیت و جسمانی تشدد کے حوالے سے صحافیوں کے خدشات اور شکایات دور کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کریں آئین ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ لوگوں کی شخصی آزادی اور انکے جائز حقوق کا تحفظ کرےپاکستان نے لوگوں کی شخصی آزادی اور انکے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوششیں کی ہیں صدر مملکت نے مزید کہا کہ صحافیوں پر دباؤ قانون کے دائرے میں رہتے ہوتے جائز تنقید ، آزادی رائے اور جمہوریت کیلئے خطرے کا باعث ہے خط میں اینکر پرسن ارشد شریف نے الزام لگایا تھا کہ ان کی جان کو چند عناصر سے خطرہ لاحق ہے انہوں نے خط میں چند نامور صحافیوں اور مختلف ذرائع پر مبنی معلومات سے ہراسیت کے واقعات کی طرف صدر مملکت کی توجہ مبذول کرائی اور آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 10 اے، 14، 18، 19 اور 19 اے کے تحت بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے صدر مملکت سے درخواست کی تھی ۔