• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی سے ایک برطانوی نژاد پاکستانی شہری پراسرار طور پر لاپتہ

اسلام آباد(وسیم عباسی)راولپنڈی سے ایک برطانوی شہری پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ہے۔برطانوی حکام نے فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کیلئے انٹر پول سے رابطہ کیا ہے۔برمنگھم ، برطانیہ کے رہائشی عاشق علی کے گھر والوں نے اس ضمن میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کے پاس درخواست جمع کی ہے کہ وہ اس کیس سے متعلق جلد تحقیقات کریں۔تفصیلا ت کے مطابق، برطانوی نژاد پاکستانی  اپنی بیوی اور بھائی کے ساتھ 9 مئی کو اپنی بیمار ماں کی عیادت کی لیے راولپنڈی آیا تھا۔عاشق کی بیوی27 مئی کو دبئی روانہ ہوئیں تو وہ اسے چھوڑنے اسلام آباد ایئرپورٹ گیا، جہاں سے وہ  واپس اپنے گھر واقع نیشنل پولیس فائونڈیشن ہائوسنگ اسکیم، راولپنڈی گیا۔اس نے رات اپنے گھر گزاری ، پر اگلے دن لاپتہ ہوگیا۔گھر کے نچلے حصے پر رہائش پذیر کرایہ دار کے مطابق عاشق علی کو آخری بار 28 مئی کو سہ پہر 3:30 بجے دیکھا تھا ، جب کہ اس کی کار بھی گھر میں تھی۔عاشق علی کے بھائی نے لوہی بھیر پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی ہے مگر پولیس اس گتھی کو سلجھانے میں اب تک ناکام ہے۔دوسری طرف عاشق کے گھروالوں نے اسلام آباد میں واقع  برطانوی ہائی کمیشن اور برطانوی حکام کو بھی واقعہ سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔عاشق علی کے  کزن شوکت علی خان نے برطانیہ سے بذریعہ ٹیلی فون دی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ  برطانوی پولیس نے انٹرپول کو مطلع کیا ہے کہ پاکستانی پولیس اس کیس کی گتھی سلجھانے میں اب تک ناکام رہی ہے۔اس کا کہنا تھا کہ عاشق علی کا فون  اس کے گھر سے نکلنے کے بیس منٹ بعد سے بند جارہا ہےجس سے لگتا ہے کہ انہیں اغوا کیا گیا ہے۔شوکت علی کا کہنا تھا کہ عاشق کو اپنی والدہ کو لے کر 29 مئی کو واپس برطانیہ آنا تھا۔تاہم جب ایس ایچ او لوہی بھیر عابد اکرام سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے  واقعے سے متعلق ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے عاشق علی کے موبائل کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جب کہ  پڑوسیوں کے مطابق گھر میں کوئی اجنبی نہیں آیا تھا اور نہ ہی اغوا کیے جانے کے کوئی آثار نظر آرہے ہیں۔پولیس افسر کے مطابق شاہد وہ خود کہیں گئے ہیں، جب پولیس  عاشق علی کے گھر پہنچی تو دروازے کھلے ہوئے تھے۔ایس ایچ او کے مطابق،  پولیس ، برطانوی ہائی کمیشن سے رابطے میں ہے، جیسے ہی کیس سے متعلق کوئی معلومات ملی ان کے گھر والوں کو بتادیا جائے گا۔
تازہ ترین