• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید نے جلیل شرقپوری سے متعلق آڈیو کی تصدیق کردی

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے جلیل شرقپوری سے متعلق آڈیو کی تصدیق کردی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ جلیل شرقپوری کو رقم کی ادائیگی سے متعلق لیک آڈیو میں آواز میری ہی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ آواز میری ہے لیکن وہ یہ بات مذاق میں کر رہے تھے، پیسے کا کوئی لین دین نہیں ہوا۔

شیخ رشید نے اس حوالے سے اسلام آباد سے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا ،جس میں کہا گیا کہ جلیل شرقپوری عظیم،شریف اور دیانتدار انسان ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میرا جلیل شرقپوری سے کوئی سیاسی رشتہ یا تعلق نہیں، ایم پی اے کی عزت پر کسی قسم کا کوئی دھبہ نہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہاکہ حکومت کی حالت دیکھیں کہ یہ کس قسم کے گندے ہتھکنڈوں پر آگئے ہیں،جو باتیں جوڑ کربنائی گئی ہیں اس میں میں نے کچھ باتیں مذاق میں کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے نام سے آڈیو رانا ثنااللہ اجرتی قاتل،منشیات فروش نے جاری کی ہے،جس میں جوڑ کر ایسی باتیں مجھ سے منسوب کیں، جس سے کسی آدمی کی عزت کو مجروح کیا جائے۔

آڈیو میں شیخ رشید، چوہدری گل زمان نامی شخص سے بات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پھر کل شرقپوری کو آپ نے پیمنٹ دے دی ہے۔

اس پر گل زمان نامی شخص نے کہا کہ "یہ ٹیلیفون ہے خدا کے بندے، صورتحال دیکھنا بیڑا پار ہوگا، انشااللہ۔"

شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں نے آپ کی وجہ سے بیپر دیا ہے کہ دیکھیں پھر کیا ہونا ہے۔

اس پر گل زمان نے کہا کہ آپ نے میری وجہ سے بیپر دیا، اللّٰہ پردہ رکھنے والا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ابھی نکلے نہیں آپ اتنا زبردست الیکشن ہے، جس پر گل زمان نے جواب دیا کہ ابھی نکلتے ہیں پھر آپ کو خبریں دیتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید