وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جَلد سنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سوشل میڈیا پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے یہ درخواست کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر طویل التواء کا فیصلہ جَلد سنائے۔
ان کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں پر بار بار اور شرم ناک حملوں کے باوجود عمران نیازی کو طویل عرصے سے ڈھیل دی جا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کا اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کو دیے جانے والے استثنیٰ سے ملک کو نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 21 جون کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا تھا کہ محفوظ کیا گیا فیصلہ کب سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ کیس 2014ء میں شروع ہوا تھا۔