ایرانی دارالحکومت تہران میں پالتو جانوروں کے مالکان کی گرفتاریاں اور ان کے جانوروں کو ضبط کرنے کی ایک نئی لہر آ چکی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایرانی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ پارکوں میں کتوں کو گھمانا جرم ہے اور اس پابندی کو ’عوام کی حفاظت‘ کے لیے جائز قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ جلد ہی ’پبلک رائٹس اگینسٹ اینیملز‘ بل کی منظوری دے سکتی ہے جس سے ملک بھر میں پالتو جانور رکھنے پر پابندی عائد ہو جائے گی۔
ایران کی ویٹرنری ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر پیام محبی کا کہنا ہے کہ اس بل کے بارے میں بحث 10 سال سے بھی پہلے اس وقت شروع ہوئی جب ایرانی اراکینِ پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے تمام پالتو کتوں کو ضبط کرنے اور انہیں چڑیا گھروں میں دینے یا صحراؤں میں چھوڑنے کے قانون کو فروغ دینے کی کوشش کی تھی۔