• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ سے لاپتہ بچے کی بازیابی کیلئے بھارت سے رابطہ کی اجائے، خیبرپختونخوا حکومت

پشاور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے وزارت داخلہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چارسدہ سے لاپتہ بچے کی بازیابی کیلئے بھارت کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے متاثرہ غریب خاندان سے تعاون کریں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی کی سفارش پربدھ کے روز اس سلسلے میں دفتر خارجہ کو مراسلہ بھیجا جس میں کہا گیا ہے کہ چارسدہ سے سات سالہ طفیل اسماعیل ولد ظفر علی 6 جون2014 سے لاپتہ ہوا تھا جبکہ سوشل میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ وہ بھارتی ریاست راجستان میں ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق اس امر کی تفصیلات تھانہ گنگا نگر سے حاصل کی جا سکتی ہیں واضح رہے کہ بچے کے لاپتہ ہونے سے متعلق ایف آئی آر تھانہ پڑانگ( چارسدہ ) میں پہلے سے درج کی گئی تھی ۔ غریب خاندان کیلئے بچے کی تلاش کے سلسلے میں بھارت جانا ممکن نہیں ہے اسلئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کی بازیابی میں متاثرہ خاندان کی مدد کرے۔ وزیراعلیٰ نے مقامی انتظامیہ کو بھی مذکورہ خاندان کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وزارت داخلہ کو اس سلسلے میں مزید تفصیلات مہیا کی جا سکیں۔دریں اثناء  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مقامی حکومتوںکے نمائندوں کے مسائل کے حل اور مقامی حکومتوں کی کارکردگی کو موثر بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اﷲ خان، سینئر وزیر آبپاشی سکندر حیات خان شیر پائو ، سینئر وزیر صحت شہرام خان ترکئی کے علاوہ چیف سیکرٹری امجد علی خان اور بلدیات اور قانون کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔ کمیٹی میں ضلع ، تحصیل، ناظم یا کوئی موزوں فرد شامل کرنے کی بھی گنجائش ہو گی ۔کمیٹی مختلف سطح پر ناظمین کے مقامی حکومت کے ایکٹ 2013 پر عمل درآمد اور ترقیاتی اُمور سرانجام دینے میں پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں مقامی حکومت کی کامیابی کیلئے ہر ممکن قدم اُٹھائے جائیں گے۔
تازہ ترین