ملتان (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین وسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہے، جب تک ہم جیل نہیں جائیں گے تب تک فرینڈلی اپوزیشن ہی نظر آئیں گے ۔ ڈرون حملے ملکی خود مختاری خلاف ہیں ، وزیراعظم کے ویڈیو لنک کے ذریعے احکامات قانونی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس اور پیپلز پارٹی کے سابق عہدیداروں کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایساہوا ہے کہ وزیراعظم بجٹ اجلاس کے دوران ہسپتال میں داخل ہیں ، ایسی صورتحال میں پارلیمنٹ کو چاہئےکہ قانون سازی کرے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کا کوئی بحران پیدا نہ ہو ۔ وزیراعظم کے ویڈیو لنک کے ذریعے فیصلے کرنا اور دیگر امور نمٹاناقانونی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس ٹی آر اوز پر حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے اس پر ڈیڈ لاک نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ دیا جا رہاہے جب تک ہم جیل نہیں جاتے تب تک ہم لوگوں کو فرینڈلی اپوزیشن ہی نظر آئیں گے۔ ہمارا حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے ، پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور آئین وقانون کے مطابق اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ہماری خود مختاری کے خلاف ہیں ، اس پر آرمی چیف ، حکومت کا احتجاج حق بجانب ہے ۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے بلدیاتی اداروں کوفعال کیا جانا چاہئے۔بجٹ میں غریبوں ، ملازمین اور خاص طور پر کسانوں کو ریلیف ملنا چاہئے۔یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ بلاول بھٹو ہی درست معنوں میں نوجوانوں کی قیادت کر سکتے ہیں ، ان کا مستقبل روشن ہے اور سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ،قوم بلاول بھٹو کا ایک لیڈر کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔ پارٹی کی نئی تنظیم سازی کی جارہی ہےجس کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ہرضلع سے تین نام فائنل کر کے بلاول بھٹو کو بھیجے جائیں گے ، چیئرمین ان سے انٹرویو لیں گے اور بعد میں عہدیداروں کا اعلان کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو کو تجویز دے چکے ہیں کہ تنظیم سازی مکمل ہو نے پر ہر ضلع میں جا کر عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کو اہمیت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ڈسپلن میں لائیں گے ، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے ، جو کارکن ہم سے ناراض ہیں وہ ہمیں گلہ کریں ، ہم سے ناراضگی کا خمیازہ بلاول بھٹو کو نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز ہم نے بلند کی ،ایک دہشت گرد کا کہناتھا کہ سوات ، ما لا کنڈ آپریشن کا حکم جاری کرنے کا بدلا لینے کے لئے میرے بیٹے علی حیدر کو اغوا کیا ،انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نےصدر مملکت کے خلاف خط لکھنے پر زور دیا تھا لیکن میں نے صدر کو آئینی تحفظ کی وجہ سے خط نہیں لکھا اورآئین سے انحراف نہیں کیا تھا جس پر انہوں نے میرے خلاف فیصلہ دیا ، اب وہی کہہ رہے ہیں کہ میرے فیورٹ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تھے۔انہوں نے حکومت کی زرعی و معاشی پالیسوں کو زراعت و صنعت دشمن قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہو گا ،ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی فلم کا سکرپٹ لکھیں یا کتاب لکھیں اس کا فیصلہ خود علی حیدر نے کرنا ہے۔ علاوہ ازیں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے ملکی منظر نامے میں پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے ، بلاول بھٹو کو نئے لیڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئند ہ پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی کی حکومت ہو گی، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سابق صدر مخدوم شہاب الدین نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ،میاں برادران کا بڑا حشر ہونا ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نئے خطوط پر چلائیں گے۔ اس موقع پر محمود حیات خان ٹوچی ، شوکت بسرا، شہاب الدین سیہڑ ، انجینئر بلال کھر ، ملک مختا ر اعوان ، حیدر زمان قریشی ، ڈاکٹر جاوید صدیقی ، خواجہ رضوان عالم ، قاضی احمد سعید، خالد حنیف لودھی ، عثمان بھٹی، حبیب اللہ شاکر، سلیم الرحمن مئیو، ایم سلیم راجہ ،حیدر گردیزی ، آصف رسول اعوان ،راؤ ساجد ، چوہدری یٰسین ، عبدالقادر شاہین، شیخ عیاث الحق ، خواجہ نظام الدین ، نوید عامر جیوا ،سئیں عاشق بزدار ، مظہر پہوڑ سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔واضع رہے کہ تقریب میں مخدوم شہاب الدین اور مخدوم احمد محمود موجود تھے ،پارٹی قیادت کی مداخلت پر اختلافات دور کرادیئے گئے ،مخدوم شہاب الدین نے تقریب دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا کہ پہلے بھی انہوں نےقیادت کے فیصلے تسلیم کئے اب بھی کریں گے، مخدوم احمد محمود نے کہا کہ آپ کی سرپرستی میں کام کیا جائے گا ،یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تنظیم سازی اور تنظیم میں آپ سب شامل ہوں گے ۔ادھر پیپلزپارٹی ملتان کے گزشتہ روز ہونے والی تقریب پارٹی روایات کے برعکس پر سکون ہو ئی اور پہلی بار ہلڑ بازی نہ ہوئی ، کارکنوں اور سابق عہدیداروں نے ڈسپلن برقرار رکھا ،یوسف رضا گیلانی نے ڈسپلن دیکھ کر برملا اظہار کیا کہ انہیں ایسے لگ رہا ہے جیسے وہ کا بینہ کے اجلاس میں ہو ں۔صادق آباد سے نامہ نگار کے مطابق مخدوم سیدا حمد محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قوت غریب عوام ‘ مزدور اور کسان ہیں تنطیم سازی کے موقع پر کارکنوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جائینگے بلاول بھٹو نے بھرپور انداز میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، پیپلزپارٹی مضبوط عوامی قوت بن کر ابھرے گی ، اس موقع پر انھوں نے پیپلزپارٹی ضلع رحیم یارخان کے صدر جاوید اکبر ڈھلوں‘جنرل سیکرٹری رئیس محمد دین ورنداور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔