لاہور ( اپنے نامہ نگار سے،آن لائن ) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلاول کی اردو اچھی ہے نہ تقریر لکھنے والے کی ،بلاول کا چوہدری نثار سے متعلق بیان نا مناسب ہے،عابد شیر علی کا پنجاب میں نو گو ایریا سے متعلق بیان حقیقت کے برعکس ہے،اپوزیشن قومی اسمبلی میں خارجہ پالیسی کے معاملات کی بجائے ٹی او آرز میں پھنسی ہوئی ہے انہیں قومی اسمبلی میں خارجہ پالیسی سے متعلق معاملات اٹھانے چاہیئں ۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران پنجاب بھر میں جاری نرسوں کے احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نرسوں کے تمام مطالبات 3 سال پہلے ہی مان لیے گئے تھے اب احتجاج بلا جواز ہے انہیں چاہیے کے ہسپتالوں میں جا کر عوام کی خدمت کریں۔ دریں اثناصوبائی وزیرقانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ خاں سے کینیڈین ہائی کمشنر ڈین ہائبرٹ نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی-آدھ گھنٹہ سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی- وزیرقانون نے معزز مہمان کو صوبہ پنجاب کی تعمیر و ترقی، امن و امان اور علاقائی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وزیراعظم نواز شریف اور صوبہ پنجاب وزیراعلی شہباز شریف کی قیادت میں دن دگنی رات چوگنی ترقی کررہا ہے-پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لئے پوری قوم یکسو ہے- ڈین ہائبرٹ نے کہا کہ دونوں ملک قیام امن کے حوالے سے یکساں سوچ کے حامل ہیں- انہوں نے شہریوں کی فلاح کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر حکومت پنجاب کی تعریف کی۔