روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد یوکرین میں صدر وولودومیر زیلنسکی کی حکومت کا خاتمہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ سمٹ کے دوران بات کرتے ہوئے لاروف نے کہا کہ ماسکو یوکرینی عوام کو اس ناقابل قبول حکومت کے بوجھ سے آزاد کرنے کے لیے کمربستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کی عوام ایک ساتھ ہی رہیں گے، ہم یوکرینی عوام کو اس حکومت سے نجات دلائیں گے۔
وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا یہ بیان یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے دیے گئے روسی عہدیداران کے بیانات کے منافی ہے جنہوں نے بارہا کہا تھا کہ وہ زیلنسکی کی حکومت ختم نہیں کرنا چاہتے۔
لاروف نے کہا کہ روس مارچ کے مہینے میں ہی کیف کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار تھا لیکن یوکرین نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے ہم سے میدان جنگ میں مقابلے کی نیت ظاہر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی طرف سے یوکرین کو لڑنے پر حوصلہ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب یوکرین سے اصرار کر رہا ہے کہ روس سے اس وقت تک مذاکرات نا شروع کیے جائیں جب تک اسے میدان جنگ میں شکست نا دے دی جائے۔