اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اپنی جماعت سے تعلق رکھنے و الے پنجاب اسمبلی کے دس ارکان جن کی قیادت وزیراعلی پرویز الہی کررہے ہیں ان کے خلاف جماعتی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کوئی تادیبی کارروائی نہیں کرینگے اور نہ ہی ان کی رکنیت ختم کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔ ق لیگ کے سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے ’’جنگ‘‘ سے مختصر گفتگومیں بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین اختلاف رائے کی خلیج میں توسیع نہیں چاہتے وہ اسے پاٹنے کے خواہاں ہیں چوہدری پرویز الہی سمیت دس ارکان پنجاب اسمبلی نے جماعتی صدر کی ہدایات کے منافی اقدام کرکے انحراف کا ارتکاب کیا ہے اس سلسلے میں مسلم لیگ قاف کی قیادت ایسی کوئی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتی جس نوع کی حرکت کا ارتکاب چوہدری پرویز الہی کے ارد گرد بعض افراد نے کیا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کا خیال ہے کہ چوہدری پرویز الہی کو گمراہ کیا گیا ہے انہیں عمران خان سے کبھی فیض حاصل نہیں ہوسکتا۔