کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا میچ اتوار 28 اگست کو دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ منگل کو ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔27 اگست سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کا فائنل11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔13 میں سے تین میچ شارجہ اور فائنل سمیت دس میچ دبئی میں ہوں گے۔ گروپ اے میں پاکستان بھارت اور ایک کوالی فائر ٹیم ہوگی۔ پاکستان کا سپر فور مرحلے میں پہنچنا یقینی دکھائی دے رہا ہے۔گروپ بی میں سری لنکا،بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔ تمام میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوں گے۔27اگست کو افتتاحی میچ سری لنکا اور افغانستا ن کے درمیان کھیلا جائے گا۔28 اگست کو پاکستان اور بھارت، 30 اگست کو افغانستان اور بنگلہ دیش، 31 اگست کو بھارت کا میچ کوالی فائر ٹیم سے یکم ستمبر کوسری لنکا اور بنگلہ دیش کا میچ ہوگا۔ دوستمبر کو آخری گروپ میچ پاکستان اور کوالی فائر ٹیم کے درمیان ہوگا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان چار ستمبر کو دوسرے رائونڈ کا میچ بھی متوقع ہے۔کوالیفائرز کیلئے سنگاپور، کویت، یو اے ای اور ہانگ کانگ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔