لندن (جنگ نیوز) انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے کھلاڑیوں پر پاکستان سپر لیگ سمیت دیگر فرنچائز لیگز میں شرکت کرنے پر پابندی لگادی۔ بورڈ دی ہنڈریڈ لیگ اور ٹی20 بلاسٹ کے درمیان ہونے والی لیگز میں بھی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ای سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کے باعث اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سمیت دیگر فرنچائز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے تاہم انڈین پریمیئر لیگ اس سے مستثنیٰ ہے۔ انگلش بورڈ کو اس پابندی سے بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ کچھ کھلاڑی فرنچائز لیگ کیلئے ممکنہ طور پر اپنے ریڈ بال کیریئرکو بریک لگاسکتے ہیں ۔ خیال رہے کہ اگلے برس پاکستان سپر لیگ چیمپئنز ٹرافی کے باعث اپریل میں ہوگا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انگلینڈ کے کئی سرکردہ کرکٹرز ٹی20 لیگ کھیلنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑ سکتے ہیں۔