کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیالکوٹ نے پشاور کو قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے پہلے میچ میں اننگز اور 57 رنز سےہرادیا۔ ناکام دوسری اننگز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔وہ پہلی اننگز میں 171 رنز بناسکی تھی۔ اس سے قبل سیالکوٹ کی ٹیم 410پر آؤٹ ہوگئی۔ اذان اویس نے اپنی پہلی فرسٹ کلاس ڈبل سنچری 407گیندوں پر 27 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ وہ 203 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ عامر خان نے 40 اوورز میں 141 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ناکام ٹیم دوسری اننگز میں بے بس نظر آئی۔ سجاد ابراہیم 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ شعیب اختر نے 51 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی کریئر بیسٹ بولنگ ہے۔ محمد علی نے 43 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔ سہ فریقی مرحلے کا دوسرا میچ 2 دسمبر سے ایبٹ آباد میں پشاور اور لاہور وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔