الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو نوٹسز جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کو تین نوٹسز جاری کیے ہیں، پہلا نوٹس غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے دیا گیا، جس کی سماعت الیکشن کمیشن 23 اگست کو کرے گا۔
الیکشن کمیشن 23 اگست کی صبح 10بجے نوٹس کی سماعت کرے گا۔
دوسرا نوٹس پی ڈی ایم کی درخواست پر عمران خان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس پر دیا گیا، جس کی سماعت 18 اگست کو ہوگی۔
تیسرا نوٹس ن لیگی ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا کی درخواست پر دیا گیا ہے، نااہلی کے ریفرنس کی سماعت 24 اگست کو ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی اتحادی جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) محسن شاہنواز رانجھا نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کروایا تھا۔
ریفرنس پر ارکان قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا، آغا رفیع اللّٰہ، آغا حسن بلوچ، صلاح الدین ایوبی، علی گوہر اور سعد وسیم شیخ کے دستخط موجود ہیں۔
عمران خان کے خلاف ریفرنس کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی بھیجی گئی تھی۔