کامن ویلتھ گیمز کے اسکواش اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں پاکستان کا سفر ختم ہو گیا۔
اسکواش کے پری کوارٹر فائنل میں پاک جوڑی کو اسکاٹش ٹیم نے شکست دی جبکہ ٹیبل ٹینس میں فہد خواجہ راؤنڈ آف 32 میں ہار گئے۔
برمنگھم میں جاری گیمز کے اسکواش ڈبلز ایونٹ میں پاکستان کے طیب اسلم اور ناصر اقبال کی جوڑی اسکاٹش پیئر کے خلاف بہتر کھیل پیش نہ کر سکی۔
پہلا گیم جارج لوبین اور رائے اسٹورٹ نے 4 ،11 کے اسکور سے جیتا جبکہ دوسرے گیم میں پاکستانی جوڑی نے کم بیک کیا اور گیم 10، 11 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔
لیکن فیصلہ کن گیمز میں اسکاٹش پیئر چھایا رہا اور 3، 11 کی کامیابی کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ٹیبل ٹینس کے راونڈ آف 32 میں پاکستان کے فہد خواجہ انگلینڈ کے پاول سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔