• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب زدگان کو امداد کی فراہمی میں مکمل ناکام ہیں، پی ایس پی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی بلوچستان کے صدر میر شمس مینگل نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ، این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے امدادی کارروائیوں میں مکمل طور پر ناکام ہیں متاثرین کھلے تلے آسمان زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں اگر بروقت اقدامات اٹھائے جاتے تو اتنے بڑے پیمانے پر نقصانات نہ ہوتے ، کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی و دیگر افسران کی ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں شہادت پرپوری قوم غمزدہ اور شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ، پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل امجد حنیف ، بریگیڈئیر محمد خالد ، میجر سعید احمد ، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج نے بلوچستان میں ناقابل بیاں قربانیاں دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ چمن سے لیکر گوادر اور لسبیلہ سے لیکر چاغی تک صوبہ بھر میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے ہرطرف تباہی مچادی ہے سینکڑوں لوگ جاں بحق اور زخمی ہیں ، ہزاروں مکانات منہدم ہوگئے ، پورے پورئے گاؤں ڈوب گئے ہیں ، سینکڑوں چھوٹے بڑے ڈیمز اور پل ٹوٹ گئے ہیں ۔بروقت اقداما ت اٹھائے جاتے تو اتنے بڑے پیمانے پر نقصانات نہ ہوتے ۔ حکومت صرف پریس کانفرنس اور زبانی جمع خرچ تک محدود رہی ہے۔ آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال کی تین آئینی ترامیم جن میں لوکل گورنمنٹ کے اختیارات آرٹیکل 140 میں واضح کی جائیں ، این ایف سی ایوارڈ جس فارمولے کے تحت صوبوں کو ملتا ہے اس ہی فارمولے کے تحت تمام ڈسٹرکٹس کو پی ایف سی ایوارڈ دیا جائے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کی مرکزی قیادت ماضی کی طرح جلد بلوچستان کے متاثرین کی امداد کے لئے سرگرمیاں شروع کرے گی ۔
کوئٹہ سے مزید