پاکستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ، نیزہ باز ارشد ندیم کے میاں چنوں میں واقع آبائی گاؤں دوستوں اور فیملی کی جانب سے خوب جشن منایا جا رہا ہے۔
ارشد ندیم کے میاں چنوں میں واقع گاؤں میں اُن کے گھر پر مبارک باد دینے والوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس خوشی کے موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔
ارشد ندیم کے بھائی علیم کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
ارشد ندیم کے دوسرے بھائی شاہد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازو میں انجری کے باوجود ارشد نے پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے۔
دوسری جانب ارشد ندیم کے والد خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بیٹے کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔
اسی طرح ارشد ندیم کی والدہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے کی کامیابی پر اللّٰہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں، گولڈ میڈل جیت کر بیٹے نے سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔