کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس ایم اے جناح روڈ اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
سید الشہدا حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی لازوال قربانی کی یاد میں نشتر پارک کراچی میں مرکزی مجلس ہوئی۔
مجلس سے خطاب میں علامہ شہنشاہ نقوی نے شہدائے کربلا و اہل بیت کی قربانی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
مجلس کے بعد جلوس نمائش کے مقام پر نمودار ہوا، عزاداران نے مرکزی جلوس میں نوحے بھی پڑھے، جلوس کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔
جلوس کے راستے میں سبیلیں، لنگر خانے اور طبی کیمپ بھی قائم کیے گئے، عزاداران نے شبیہ علم و ذوالجناح کا دیدار بھی کیا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس صبح سے بند رہی، جلوس کے گزرگاہوں پر 7 ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے۔
جلوس کے راستے کے اطراف کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں سے بھیجا گیا۔
جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔