• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان، افواج پاکستان کے ساتھ آپ نے لڑائی خود شروع کی ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان، افواج پاکستان کے ساتھ آپ نے لڑائی خود شروع کی ہے، آپ کہتے ہیں کہ ادارہ مداخلت کرے اور اگر ادارے نیوٹرل رہیں تو آپ ان کو جانوروں سے تشبیہ دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کے چیف آف اسٹاف نے لوگوں کو بغاوت کے لیے اکسایا، آپ کے چیف آف اسٹاف نے آپ کا لکھا ہوا بیان پڑھا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب، آپ کی پارٹی کے ٹرولرز نے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی پاکستان کا شہری سوچ بھی نہیں سکتا کہ شہداء کے خلاف اس طرح کی مہم چلائی جائے، جو نفرت کے بیج کو آپ روز بو رہے ہیں آپ وہی کاٹ رہے ہیں، آپ کی پوری سیاست فتنہ، نفرت اور فساد پر مبنی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کے چیف آف اسٹاف نے ملک میں بغاوت کرنے کی کال دی، تمام احکامات بنی گالا سے آ رہے تھے، آپ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج آپ کے پاس اقتدار آپ کے اپنے اعمال کی وجہ سے نہیں ہے، آپ نے 5 سال جعلی حلف نامہ جمع کروایا، آپ جہاں جاتے ہو لوگوں کو اکساتے ہو، اب آپ اداروں کے خلاف لوگوں کو اکسا رہے ہو، اس عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے فارن فنڈنگ لی، اپنی پارٹی کو فارن فنڈنگ قرار دلوایا، جب فارن فنڈنگ ہوتی ہے تو پھر کمٹمنٹ بھی تو پوری کی جاتی ہے، تحریک انصاف کو کسی نے نقصان پہنچایا تو وہ عمران خان ہے، یہ آپ کے ہی اعمال ہیں، خیراتی فنڈز پارٹی پر لگے، آپ نے غلط بیان حلفی جمع کروایا، تحقیقات شروع ہوئی ہیں تو آپ خوف میں مبتلا ہیں، آج تحریک انصاف کا کارکن سوال کرتا ہے کیوں فارن فنڈنگ پارٹی قرار دلوایا؟

قومی خبریں سے مزید