تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل : ایمی خان
آرایش: بیلا ڈونا بیوٹی سیلون بائے رابعہ بی
ملبوسات: Jaan London
کوآرڈی نیٹر: وسیم ملک
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
تاج مہجور کی ایک غزل کے چند اشعار ہیں ؎ برسوں تم سے باتیں کی ہیں ،صدیوں ناز اُٹھایا ہے …لگتا ہے کہ مَیں نے تم کو جنم جنم سے چاہا ہے…دِل کی دھڑکن، چاپ تمہارے کومل کومل قدموں کی…خوشبو خوشبو یاد تمہاری، پھول تمہارا سایا ہے۔ جانے اس محبّت میں بھی کیا جادو ہے کہ جس سے ہوجائے،پھر ہر شئے میں اُسی کا رُوپ، رنگ دکھائی دینے لگتا ہے اور جب ہر سُو محبوب کے جلوے بکھرے ہوں اور رُت بھی ساون کی ہو، تو پھر سراپاحُسن ہرسُو شفق اور قوسِ قزح کے رنگ ہی نہیں بکھیرتا، دِل نگر بھی خوشی سے جُھومتا رہتا ہے۔ تو ایسی ہی کچھ کیفیات کے لیے ہماری آج کی بزم حاضر ہے۔
ذرا دیکھیے،ٹی پنک رنگ پیراہن کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ٹراؤزر کے باٹم اور قمیص کے فرنٹ پر تھریڈ ورک کی کمال دِل آویزی ہے، تو دوپٹے کے اطراف بیل اور کہیں کہیں بُوٹیاں بہت جچ رہی ہیں۔پھرلائٹ پِیچ رنگ پلین ٹراؤزر، جس کے اطراف گولڈن رنگ ٹسلز کی ہم آمیزی ہے، اچھا لُک دے رہا ہے، تو ساتھ فُل ایمبرائڈرڈ قمیص ایک خُوب صُورت انتخاب ہے۔ تو اسی طرح سفید رنگ سیلف پرنٹڈ ٹراؤزر کے ساتھ چکن فیبرک میں فیروزی رنگ ایمبرائڈرڈ قمیص بہترین انتخاب ہے، تو ساتھ شیفون جارجٹ کے ڈبل شیڈڈ پرنٹڈ دوپٹے کے بھی کیا ہی کہنے۔ نیز، لائٹ بنانا شیڈ لباس بھی کچھ کم حسین نہیں کہ پلین ٹراؤزرکے باٹم پر پَیچ ورک اور ایمبرائڈرڈ قمیص بہت ہی بھلی لگ رہی ہے ۔
ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، یقین کریں، آپ کی تیاری دیکھ کے پھول تک دنگ رہ جائیں گے۔