تحریر : عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: تانیہ
ملبوسات: شاہ پوش
آرایش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
عیدِ قرباں سے ہفتہ ،دو ہفتہ قبل تک شدید گرمی، حبس اور گھٹن کے مارے دَم گُھٹتا سا محسوس ہورہا تھا، لیکن اِدھر گھٹاؤں میں لِپٹی موتی نُما بارش کی بوندیں برسیں، اُدھر اندر و باہر کی دُنیا ہی بدل گئی۔ اور…موسمِ برسات میں جب ہر سُو ہریالی اور سبزے کا بچھونا بچھ جائے، رنگا رنگ گُل، پُروا کے سنگ خُوب اٹکھیلیاں کرتے نظر آئیں، تو جی چاہتا ہے کہ خود کو یوں سجا سنوار لیا جائے کہ ہمارے سامنے نکھری نکھری، رنگ برنگی دُنیا بھی ماند پڑنے لگے۔ تو لیجیے، آج بھیگے بھیگے موسم ہی کے رنگ و انداز سے عین ہم آہنگ ایک خُوب صُورت سی بزم آپ کے نام ہے۔
ذرا دیکھیے،نیلے رنگ کا پرنٹڈ لباس کس قدر جاذبِ نظر ہے۔ پھول دارشلوار کے ساتھ اسٹریٹ پرنٹڈقمیص کا انداز عمدہ ہے، تو کنٹراسٹ میں پلین نارنجی رنگ دوپٹے کا انتخاب بھی جچ رہا ہے۔ اسی طرح سیاہ رنگ پلین فلیپر کے ساتھ پرنٹڈقمیص اور دوپٹےکی جاذبیت کا بھی جواب نہیں۔ پھرفون رنگ پلین شلوارکے ساتھ پرنٹڈ قمیص بھی خُوب میل کھا رہی ہے۔شلوارکے پائنچوں پر پلیٹس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے، تو قمیص کے فرنٹ اور بیک کا پرنٹ خُوب کِھلا کِھلا، نکھرا نکھرا سا تاثر دے رہا ہے،جب کہ سُرخ رنگ پرنٹڈ دوپٹے نے تو لباس کی شان کچھ اور ہی بڑھا دی ہے۔
اسی طرح آتشی گلابی اور نارنجی رنگ کے امتزاج میں روایتی شلوار قمیص کا انداز بھی خاصا دِل آویز ہے۔ آتشی گلابی رنگ پلین شلوار کے پائنچوں اور نارنجی رنگ پرنٹڈ قمیص پرگوٹے کی ڈیزائننگ بھلی لگ رہی ہے ،تو پیلے اور فیروزی کے حسین امتزاج میں پرنٹڈ میکسی کی دِل کشی و رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔برکھا کے دیگر لوازمات کے سنگ ان حسین و دِل کش پہناووں کا حُسن کچھ اور بھی نکھر، سنور گیا ہے۔ کہیے، آپ کا کیا خیال ہے…؟؟