• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ کی صنعتیں سالانہ 3 ارب ڈالر کما رہی ہیں، شیخ زوہیب سیٹھی

سیالکوٹ (اے پی پی) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ملک کا ایک اہم اقتصادی مرکز اور مکمل طور پر برآمدات پر مبنی شہر ہے ،یہ پاکستان کا واحد شہر ہے جہاں سے پیدا ہونے والی 99 فیصد مصنوعات دنیا کے مختلف حصوں میں برآمد کی جاتی ہیں، یہاں کی چھوٹی اور درمیانی صنعتیں سالانہ 3ارب ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کما کر قومی خزانے کو مضبوط کر رہی ہیں ،سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تقریباً 20 ہزارفعال ممبرصنعتیں رجسٹرڈ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ برآمدات کے ذریعے قومی خزانے میں سالانہ 3 ارب ڈالر سے زائد کا حصہ ڈال رہا ہے اور کاروبار کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان پاکستان کے ʼʼرومنگ ایمبیسڈرزʼʼ ہیں جو نہ صرف ملک کے لیے انتہائی قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے کے لیےکوشاں ہیں بلکہ اپنی مصنوعات کے ذریعے ملک کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شیخ زوہیب رفیق نے کہا کہ سیالکوٹ اور اس کے آس پاس ہزاروں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں کام کر رہی ہیں جو عالمی سطح پر اپنی معیاری مصنوعات، منفرد برآمدی کلچر اور ویلیو ایڈڈ اشیا جیسے چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، ہر قسم کے دستانے، ٹیکسٹائل کی اشیاء کی تیاری کے لیے مشہور ہیں، کھیلوں کے لباس، مارشل آرٹس یونیفارم اوردیگر لوازمات، موسیقی کے آلات، باورچی خانے کا سامان، چاقو، کٹلری کی اشیا اور فوجی یونیفارم بیجز وغیرہ بھی یہاں تیار ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں غیر معمولی کامیابیوں کے ساتھ کارپوریٹ سیکٹر سماجی شعبے کے تئیں اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح چوکس ہے اور اس نے اس سلسلے میں ”سیلف ہیلپ بیسز“ پر نمایاں کردار ادا کیا ہے جو اب سیالکوٹ کا کلچر بن چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ایک صنعتی سیٹ اپ کی نمائندگی کرتا ہے جو خصوصی مصنوعات تیار کرتا ہے جنھیں پوری دنیا کے اعلیٰ برانڈز اور خریداروں کو فراہم کیا جاتا ہے۔