• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کی ناراضی کے سوال پر مفتاح اسماعیل کا جواب

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول کی قیمت بڑھانے پر آصف علی زرداری کی ناراضی کے سوال کا جواب دے دیا۔

حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پیٹرول کی قیمت بڑھانے پر شہباز شریف سے ناراض ہیں۔

ایک بیان میں آصف زرداری نے صاف الفاظ میں کہا کہ اس فیصلے میں ہم سے مشورہ نہیں کیا گیا، جلد ہی وزیراعظم سے ملاقات کرکے معاشی ٹیم کے بارے میں بات کروں گا۔

اس حوالے سے جب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ آج بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری سے بات کرلیں گے، اگر انہیں کوئی وضاحت دینا ہوگی تو ضرور دیں گے۔

وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق پارٹی اجلاس کی تصدیق بھی کی لیکن نواز شریف کے اٹھ کر جانے سے متعلق بات گول کرگئے۔

صحافی نے اُن سے استفسار کیا کہ کیا ن لیگ کی قیادت ’گڈ کاپ، بیڈ کاپ‘ کے طور پر کھیل رہی ہے؟ تو مفتاح اسماعیل نے جواب دیا کہ اس معاملے کو کسی کی ذات سے نہ جوڑیں، فیصلہ اوگرا کی سمری اور وزیراعظم کے دستخط سے ہوا ہے۔

دوسری طرف وفاقی اتحاد میں شامل ایک اور اتحادی متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کی اور نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید