اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا ہو گا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے جمعہ کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی ،ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے ،ملاقات میں پاکستان کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت کو ملک معاشی طور پر سنگین بحرانوں میں گھیرا ہوا ملا، موجودہ حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا عزم کیا ہے، سابق دور حکومت میں پاکستان کو معاشی دلدل میں دھکیل گیا، شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، جس پر (ن) لیگ کےقائد نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ملک کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، 2018ء کا پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم پاکستان تھا، پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کی عوام نے بھاری قیمت چکائی ہے۔نوازشریف نے کہاکہ جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے۔مسلم لیگ ن معاشی طور پر ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے تمام توانائیاں صرف کرے گی۔