• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ملبوسات:فائزہ میناکار

آرایش:لش بیوٹی سیلون

عکّاسی :عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

سالِ رواں ایک معروف نجی کمپنی نے لاہور میں مقابلۂ حُسن کا انعقاد کیا، جس میں ’’مِس پاکستان یونیورسل‘‘یعنی دُنیا بَھر میں پاکستان کی سب سے خُوب صُورت لڑکی کا اعزاز ڈاکٹر شفق اختر نے حاصل کیا۔ ڈاکٹر شفق کا تعلق زندہ دِلوں کے شہر، لاہور سے ہے۔انہوں نے یونی ورسٹی آف لاہور سے ایم بی بی ایس کیا اور اب مختلف نجی کلینکس میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر شفق نے اپنے پروفیشن اور اعزاز سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’ڈاکٹر بننا میرا خواب تھا اور’’ مِس پاکستان یونی ورسل ‘‘بننا میرا اعزاز ہے۔ مَیں نے دونوں ہی شعبوں کے لیے سخت محنت کی۔ مَیں دراصل پاکستانی خواتین کے لیے ایک رول ماڈل بنناچاہتی تھی۔

اپنے مُلک اور اپنی کمیونٹی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتی تھی۔سو، شروع ہی سے فلاحی امور میں پیش پیش رہتی ہوںاورایک معروف فاؤنڈیشن(سندس) اور مدر ٹریسا چیریٹی کے ساتھ مل کر کام بھی کررہی ہوں۔میری خواہش ہے کہ مَیں پاکستان کا نام پوری دُنیا میں روشن کرکے یہ پیغام کونے کونے تک پہنچاؤں کہ پاکستانی خواتین ہر شعبے میں کسی ڈر، خوف کے بغیر بہت باوقار اور پُراعتماد طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں۔‘‘

ڈاکٹر شفق اختر نے ماڈلنگ اور اداکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا،’’مجھے ماڈلنگ کا شوق ہے، نہ اداکاری کا۔مَیں اِس وقت جن دو فیلڈز سے وابستہ ہوں، وہ بھی ایک دوسرے سے یک سرمختلف ہیں، لیکن مَیں دونوں ہی کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہوں۔ جیسے مجھے حال ہی میں ایک ایونٹ ’’مِس اورا انٹرنیشنل2022ء‘‘(Miss Aura International) کے لیے منتخب کیا گیا ہے،جو ستمبر کے پہلے ہفتے میں ترکی میں منعقد ہوگا اور یہ پہلی بار ہے کہ اس مقابلے میں پاکستان سے کوئی لڑکی حصّہ لے رہی ہے۔‘‘

ڈاکٹر شفق اختر نے اپنے مزاج، پسندیدہ رنگوں ،ملبوسات، میک اَپ اور جیولری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا،’’مَیں ایک جانب بطور معالج اپنی ذمّے داریاں سنجیدگی اور بُردباری سے نبھا رہی ہوں، تو دوسری جانب خاندان، کولیگز اور حلقۂ احباب میں خاصی خوش مزاج، خوش دِل، خوش لباس اور خوش ادا بھی مشہور ہوں۔ مجھے ہلکے، گہرےہر طرح کے رنگ بھاتے ہیں، لیکن سفید میرا پسندیدہ رنگ ہے۔ میک اَپ میں لِپ گلوز بہت پسند ہے، تو جیولری میں انگوٹھیاں پہننا اچھا لگتا ہے، جب کہ پارلر جانے کی بجائے اپنا میک اَپ خود کرنا پسند کرتی ہوں ۔رہی بات پہننے اوڑھنے کی، تو زیادہ تر وہی انداز اپناتی ہوں، جومجھ پر سُوٹ بھی کرتا ہو۔ اس لیے میری وارڈ روب میں جدید تراش خراش کے ساتھ سادہ انداز کے بے شمار ملبوسات بھی موجود ہیں۔‘‘

ہماری آج کی بزم کے لیے ڈاکٹر شفق نے جن پہناووں کا انتخاب کیا ہے، اُن میں سے ایک کھڈی نیٹ کا بنفشی رنگ ایمبرائڈرڈ لباس ہے، تو ایک میجنٹا رنگ ہیوی ایمبرائڈرڈ پیراہن، جس کے ٹراؤزر، قمیص اور نیٹ دوپٹّے پر زری اور دھاگے کا کام خوب جچ رہا ہے۔ اِسی طرح ایک اور انداز میں میجنٹا رنگ ٹراؤزر کے ساتھ سفید رنگ کی چکن کاری قمیص ہے، تو سیاہ ٹائٹس کے ساتھ پیلے رنگ میں کھڈی نیٹ کے شیشے، دھاگے کے کام سے آراستہ انگرکھے کا بھی جواب نہیں۔ جب کہ کھڈی نیٹ ہی کی پستئی رنگ ایمبرائڈرڈ قدرے لمبی قمیص بھی ایک بےحد عُمدہ انتخاب ہے۔