اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاہے کہ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ کو انسانی حقوق کے تحفظ پر سبق سیکھنے کی ضرورت ہے،تشدد کے الزام میں بے حسی پر مایوسی کے اظہار کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں‘جدوجہد کا آخری مرحلہ شروع ہو چکا ہے، اگر اللہ کی مدد شامل رہی تو 10 ستمبر تک اس حکومت سے جان چھڑا لیں گے۔ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بنیادی باتیں سمجھنے کی ضرورت ہے، قائم مقام چیف جسٹس کو انسانی حقوق کے تحفظ پر سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ تشدد کے الزام میں بے حسی پر مایوسی کے اظہار کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ تشدد کی حساسیت پر ریمانڈ دینے سے انکار پر مجسٹریٹ قابل تعریف ہے۔دریں اثناءانسداددہشت گردی عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ عمران خان پر غلط بنیادوں پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا، اس کے خلاف ہائی کورٹ میں جانے کے لیے پہلے ضمانت لینا ضروری تھی جس کیلئے ہم پیش ہوئے اور ضمانت حاصل کی‘انشا اللہ یہ معاملہ آج ہائی کورٹ میں لے کر جائیں گے۔