وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پاکستان کے عوام کو 3 ماہ میں مہنگائی کم ہونے کی نوید سنادی۔
کراچی میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے وفاقی وزیر خرم دستگیر کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگی قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے، ہم سب سیلاب زدگان کی مدد کے لیے متحد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں جہاں متاثرین ہیں وہاں ہم پہنچنے کی کوشش کریں گے، ترکیہ سے راشن کاایک جہاز آگیا ہے صبح مزید 3 جہازآجائیں گے۔
خرم دستگیر نے یہ بھی کہا کہ بحالی کے لیے وسائل درکار ہیں، حکومت سب متاثرین کی مدد کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک کو مشکل حالات سے نکالنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے، 3 ماہ میں مہنگائی کم ہوگی۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ فتنہ عمرانی کی بات کرنا مناسب نہیں سمجھتا، پی ٹی آئی چیئرمین پارلیمان پر لعنت بھیج چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے اداروں پرحملہ کر رہے ہیں، آل پارٹیز کانفرنس میں انہیں مدعو نہیں کہ دراصل وہ پارلیمان، آئین اور جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ جہاں لوگ بل نہیں دیتے وہاں لوڈشیڈنگ ہے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں میں رعایت دینے کا سوچ رہے ہیں۔