• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صاحب حیثیت لوگ سیلاب متاثرین کی مدد کریں، نواز شریف کی اپیل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے تمام صاحب حیثیت لوگوں سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کردی۔

ویڈیو پیغام میں میاں نواز شریف نے کہا کہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، ان حالات میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے تمام اراکین اسمبلی اور کارکنان تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں اور تمام تر صلاحیتیں لگادیں۔

ن لیگی قائد نے مزید کہا کہ تمام صاحب حیثیت لوگوں سے گزارش کروں گا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو شاباش دیتا ہوں کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، مریم نواز بھی امدادی کاموں کا جائزہ لینے جارہی ہیں۔

نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز قوم کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ بھی آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں، پریشان حال لوگ آپ کی امداد کے منتظر ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متاثرین کی دل کھول کر امداد کریں، متاثرین سیلاب کے لیے کیمپس لگائے اور خیمے فراہم کیے جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلاشبہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، یہ اپنے اعمال کا جائزہ لینا کا موقع ہے، سیلاب سے ہزاروں افراد لقمہ اجل اور لاکھوں بےگھر ہوچکے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ وقت کوئی اور کام کرنے کا نہیں متاثرین کی مدد کا وقت ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی امداد اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے۔

قومی خبریں سے مزید