• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، نسیم کی ایکسپریس بولنگ ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست

دبئی (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف میچ دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے جیت لیا۔ میچ کا فیصلہ دو گیندیں پہلے ہوا۔ نسیم کی ایکسپریس بولنگ ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ تین وکٹیں لینے والے ہاریک پانڈیا نے17گیندوں پر33رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی جس میں وننگ چھکا بھی شامل تھا۔ یوں بھارت نے دس ماہ بعد پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں شکست دے کر ورلڈ کپ میں شکست کا حساب برابر کردیا۔ بھارتی فاسٹ بولروں نے شارٹ پچ بولنگ پر پاکستان ٹاپ آرڈر کو آئوٹ کرکے بڑ ا اسکور کرنے کا موقع نہیں دیا۔ بیٹنگ لائن ہچکولے کھاتی رہی اور شاہین شاہ اور محمد وسیم کے بغیر بولنگ اٹیک ہدف کے دفاع میں ناکام رہا۔ محمد نواز نے تین اور نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے19.5 اوورز میں 147رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے اسکور19.4اوورز پہلے عبور کر لیا۔ ایک موقع پر میچ دلچسپ مرحلے میں تھا لیکن حارث رئوف کی تین گیندوں پرہاردیک پانڈیا نے تین چوکے مارکر میچ کو یکطرفہ بنادیا۔ بھارت نے ہدف کا تعاقب کیا تو ٹی20 کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر کے ایل راہول کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی امیدیں بڑھائیں۔ نسیم شاہ نے نئے آنے والے اسٹار ویرات کوہلی کو پہلی گیند پر پریشان کیا جبکہ اگلی گیند پر کوہلی نے سلپ پر کیچ دیا لیکن فخر زمان کیچ لینے میں ناکام رہے۔ کپتان روہت شرما نے تحمل کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی لیکن آٹھویں اوور میں محمد نواز کو بلند شاٹ کھیلنے کی کوشش میں افتخار احمد کا کیچ بنے۔ سواں میچ کھیلنے والے ویرات کوہلی نے 34 گیندوں کا سامنا کیا اور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کا کیچ افتخار احمد نے لیا۔ محمد نواز نے دو گیندوں پر دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نسیم شاہ نے دوسرے اسپیل میں سوریا کمار کو18رنز پر بولڈ کردیا۔ روندرا جدیجا نے29گیندوں پر35رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ تمام پاکستانی بیٹر فاسٹ بولروں پر آئوٹ ہوئے۔ بھونیشور کمار نے 26رنز دے کر چار، ہاردیک پانڈیا نے25رنز دے کر تین اورارشدیپ سنگھ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پہلے اوور میں محمد رضوان نے ایل بی ڈبلیو کے خلاف رجوع کیا اور کامیاب ہوئے۔ اس کے بعد دوسرا ریویو بھی پاکستان کے حق میں گیا اور رضوان اس دفعہ بھی آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔ بابراعظم نے دو پراعتماد چوکے لگائے لیکن بھونیشور کمار کے دوسرے اور اننگز کے تیسری اوور کی چوتھی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ارشدیپ سنگھ کا کیچ بنے۔ فخرزمان نے دو چوکوں کی مدد سے 10 رنز بنائے اور اویش خان کی گیند پر وکٹ کیپر کارتھک کو کیچ دے گئے۔ افتخار احمد نے 12 ویں اوور میں چاہل کو ایک بلند وبالا چھکا رسید کیا لیکن اگلے اوور میں پانڈیا نے ان کی 28 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ بابر اعظم کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد بیٹنگ لائن کھل کر بیٹنگ نہ کرسکی ۔ بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان ، خوش دل اورافتخار احمد شارٹ پچ پر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 43 رنز تو اسکور کئےلیکن وہ کسی بھی موقع پر کھل کر نہیں کھیل سکے اور بالآخر ہاردک پانڈیا کی شارٹ گیند کا شکار ہو گئے۔ ہاردک پانڈیا نے واپس آتے ہی اپنے اوور کی پہلی گیند پر افتخار احمد کو پویلین کی راہ دکھا دی ہے۔ افتخار نے 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ پاکستان نے 10 اوورز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنا ئےتھے۔ محمد نواز نے 3 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک رن بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر وکٹ کیپر کارتھک کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان نے 9 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز بنائے اور بھونیشور کمار کی تیسری وکٹ بنے۔ بھونیشور کمار اپنے آخری اوور میں شاداب اور نسیم شاہ کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک گیند پر پہنچے لیکن دھانی نے اسے ٹال دیا۔ حارث 7 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دھانی نے 2 چھکوں کی مدد سے 6 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

اسپورٹس سے مزید