• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسان ،عوام دوست بجٹ ،شہبازشریف کی وزیراعظم ، اسحاق ڈار کو مبارکباد

 لاہور (نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بہترین ، متوازن ، کسان اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم محمدنوازشریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مبارکباددی ہے جبکہ کہاہے کہ  پنجاب کابجٹ عوامی امنگوں کاآئینہ دار اور صوبے کی پائیدارترقی کاضامن ہوگا،رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام کوسستی اشیائ کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے لندن میں وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے ملاقات کی ۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے تاریخ ساز خصوصی پیکج دیا گیا ہے - یوریااور ڈی اے پی کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں کاشتکار کو پہنچے گا- انہوںنے کہا کہ زرعی قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے اعلان سے زرعی معیشت ترقی کرے گی اور کسان خوشحال ہو گا -وفاقی حکومت کے عوام دوست اور غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی-دریں اثنا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لندن سے تین گھنٹے تک ویڈیو کانفرنس کی جس میں آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کے منصوبے اوردیگر سماجی شعبوںکے پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے- تعلیم اور صحت کے شعبوںکے ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے لئے بھی اربوں روپے کے وسائل مہیا کریں گے - سماجی شعبو ں کو اضافی فنڈز فراہم کر کے عوام کو حقیقی معنوں میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی- انہوںنے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا -پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے -طلباءو طالبات کی سہولت کے لئے سکولوں میں نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے جبکہ عدم دستیاب سہولتوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا-صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے جس قدر بھی وسائل درکار ہوں گے، مہیا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ بھی صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا تعلق براہ راست عوام کی صحت سے جڑا ہے اس لئے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا یا جائے گا اور آئندہ دو سال میں صوبے کے دیہات میں پینے کی صاف پانی کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی-
تازہ ترین