پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ نوین وقار نے پہلی بار اپنی طلاق کے باعث ہونے والے اثرات کے حوالے سے میڈیا پر کھل کر بات کی۔
ڈرامہ ’ہم سفر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نوین وقار 2012 میں اداکار اظفر علی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں جس کے بعد انہوں نے اداکاری و میزبانی چھوڑ دی تھی۔
علیحدگی اختیار کرنے کے سات سال بعد حال ہی میں انہوں نے پہلی بار سوشل میڈیا بلاگر کو انٹرویو دیتے ہوئے طلاق کے باعث ہونے والے اثرات کے حوالے سے بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بالکل میرے لیے یہ ایک مشکل وقت تھا جس سے میں اپنےکیرئیر کے دوران گزری، کیونکہ میں نے اس وقت اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ میرے پہلے ڈرامے نے مجھے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ مشکل تھا کہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچتے ہی خود کو اس سے الگ کردو۔ اس پورے عرصے نے مجھے خود پر یقین کرنا سکھایا کہ میں کتنی مضبوط ہوں اور خود کو اس سے نکال کر دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہوں۔
یہ میری زندگی کا ایک مختلف وقت تھا جب میں اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کسی سے بھی کچھ شیئر نہیں کرنا چاہتی تھی‘‘۔
واضح رہے کہ نوین وقار نے حال ہی میں ایک بار پھر سے باقاعدہ اداکاری کا آغاز کردیا ہے۔