• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی گل پیر سندھ میں رائج ’وڈیرا شاہی‘ کیخلاف بول اُٹھے

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا
کولاج بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی معروف کامیڈین و گلوکار علی گل پیر کی جانب سے صوبہ سندھ میں رائج ’وڈیرا کلچر‘ کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کی آدھی سے زائد آبادی سیلاب کی لپیٹ میں ہے اور اس قدرتی آفت کے سامنے بے بس، بھوک پیاس میں کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

ایسے میں متعدد دلخراش ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں سیاسی اور بااثر افراد متاثرین کی مدد کے بجائے اُن کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

علی گُل پیر کی جانب سے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیوز اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بااثر، سیاسی، وڈیرہ اورجاگیرانہ سوچ رکھنے اور اپنے سامنے عام عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھنے والے افراد پر تنقید کی گئی ہے۔

علی گُل پیر نے سندھ کے ایک ایم این اے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جب تک صوبہ سندھ سے وڈیرا شاہی کی سوچ ختم نہیں ہوگی تب تک سندھ اور پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

علی گُل پیر کا کہنا تھا کہ اُنہیں بعض افراد نے بتایا ہے کہ امیر علی شاہ کی یہ ویڈیو پرانی ہے جو کہ آج کل وائرل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر  ایم این اے امیر علی شاہ کی یہ ویڈیو پرانی بھی ہے تو وہ پھر بھی کہیں گے کہ غریب عوام کے ساتھ یہ رویہ نامناسب ہے، وہ بھی سندھ میں رہتے ہیں اور انہوں نے اپنے ہی خاندان میں بھی ایسے ہی رویے دیکھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  امیر علی شاہ جیسے لوگوں کا رویہ ایسا ہی ہوتا ہے جب ان کا احتساب کیا جاتا ہے تو ان وڈیروں کا رد عمل مختلف ہوتا ہے یا پھر کوئی اگر اِن وڈیروں سے بغاوت کرنے کی سوچتا ہے تو اُن  کا حال ناظم جوکھیو جیسا کردیا جاتا ہے۔

گلوکار علی گُل پیر نے کہا کہ  مجھے اِن ویڈیوز میں نظر آنے والے شخص سے نہیں بلکہ اس سوچ سے مسئلہ ہے اور جب تک یہ سوچ رہے گی، کچھ تبدیل نہیں ہو سکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر رکن قومی اسمبلی امیر علی شاہ کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی، اس ویڈیو میں امیر علی شاہ جیلانی سانگھڑ کے ایک گاؤں میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کر رہے تھے۔

اس ویڈیو میں امیر علی شاہ متاثرین کے سامنے ایک چارپائی پر بیٹھ کر سیگریٹ اور جوس پی رہے تھے اور منرل واٹر سے اپنے پاؤں دھو رہے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید