بھارتی معروف اداکارہ ودیا بالن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی بلاک بسٹر ثابت ہونے والی فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ کے بعد سگریٹ نوشی کی لت میں مبتلا ہو گئی تھیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ ودیا بالن بالی ووڈ میں کئی برسوں سے کام کر رہی ہیں مگر اُنہیں اصل شہرت فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ کے بعد ملی تھی۔
اس فلم کے بعد اداکارہ شہرت کی نئی بلندیوں کو چھونے لگیں تھیں اور بعد ازاں انہیں اس فلم کے بعد ہی متعدد نامور پروجیکٹس میں کام ملا تھا۔
ودیا بالن نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ کے بعد سگریٹ نوشی کرنے لگ گئی تھیں اور یہ لت چھوڑنا اُن کے لیے بہت مشکل ثابت ہوئی تھی۔
بھارتی یوٹیوب ٹاک شو ’اَن فِلٹرڈ‘ میں بات کرتے ہوئے ودیا بالن کا بتانا تھا کہ انہوں نے فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ کی شوٹنگ کے دوران پہلی بار سگریٹ نوشی کی تھی، اس سے قبل اُنہیں علم نہیں تھا کہ تمباکو نوشی کیسے کی جاتی ہے، اپنے آن اسکرین کردار کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اُنہیں سگریٹ نوشی شروع کرنی پڑی تھی تا کہ کیمرے کے سامنے اُن کا کردار حقیقت سے قریب تر نظر آئے۔
ودیا بالن نے اپنے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ اس فلم کی شوٹنگ مکمل ہو جانے کے بعد اُنہیں ایسی لت لگی کہ وہ دن میں دو سے تین بار سیگریٹ پینے لگی تھیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کیمرے کے سامنے تو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ مجھے تمباکو نوشی پسند ہے، مجھے اگر کوئی کہے کہ تمباکو نوشی سے کوئی نقصان نہیں ہوتا تو میں آج ہی سے دوبارہ سیگریٹ پینا شروع کر دوں گی، مجھے سیگریٹ کا دھواں بہت پسند ہے۔
ودیا بالن نے انکشاف کیا کہ اُنہیں سیگریٹ کی بو اتنی پسند ہے کہ وہ کالج کے زمانے میں بس اسٹاپ پر ایسے افراد کے پاس جان بوجھ کر کھڑیں ہوا کرتی تھیں جو سیگریٹ نوشی کر رہے ہوتے تھے۔