اسرائیل کے 5 ہزار سے زائد ریٹائرڈ سیکیورٹی افسران نے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھ کر ایران کے ساتھ نیا جوہری معاہدہ نہ کرنے پر زور دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ہمارے مجموعی تجربے اور مشاہدے کے مطابق یہ معاہدہ امریکا، اسرائیل اور عالمی امن و سلامتی کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔
یہ خط اسرائیل کی تینوں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سابق افسران کی طرف سے لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اس جوہری معاہدے سے خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہوجائے گی اور دیگر ممالک بھی جوہری ہتھیار تیار کرنے یا اس کے حصول کیلئے کوششیں شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران اور امریکا کے درمیان 2015 میں ہونے والی نیوکلیئر ڈیل کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔