ملتان(آئی این پی)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیلاب کی خوفناک تباہی قومی اور سیاسی غفلت کا نتیجہ ہے جس سے آزمائشوں میں مزید اضافہ ہوا ہے،حکومت کو بین الاقوامی ڈونرز کا اجلاس بلانا چاہیے، حکومت نقصان کے ازالے اور متاثرین کو ریلیف دینے سے متعلق مناسب اقدامات نہیں کر رہی، ہفتہ کو ملتان میں حضرت بہائو الدین زکریا ملتانی کے 783ویں 3 روزہ عرس میں زکریا کانفرنس کی دوسری نشست میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پنجاب کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے جبکہ جانی اور مالی نقصان بھی ناقابل تلافی ہونے پر افسوس ہے لیکن اس کے باوجود حکومت سیلاب کے نقصان کے ازالے اور متاثرین کو ریلیف دینے کے حوالے سے مناسب اقدامات نہیں کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کے باعث بلاول بھٹو زرداری کو بین الاقوامی ڈونرز کا اجلاس بلانا چاہیے تاکہ سیلاب متاثرین کے مکانات کی تعمیر نو اور بحالی کا کام شروع ہوسکے،عرس کی دوسری نشست کے اختتام پر شاہ محمود قریشی نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی اور حضرت بہائو الدین زکریا کے مزار پر حاضری بھی دی۔