’ایک دم سے انہوں نے جذبات بدل دیے، احساسات بدل دیے‘ اور’او بھائی مجھے مارو، مجھے مارو‘ جیسے جملوں سے مشہور ہونے والے کامیڈین و اداکار مومن ثاقب کی سری لنکا کے ہاتھوں بھارت کی شکست سے متعلق بنائی گئی مزاحیہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مومن ثاقب ایک لڑکے سے پوچھتے ہیں کہاں سے ہو، وہ کہتا ہے میں بھارت سے ہوں۔
ویڈیو میں کامیڈین و اداکار مومن ثاقب اس لڑکے سے نام پوچھتے ہیں، وہ اپنا نام آنند بتاتا ہے، مومن ثاقب روتے ہوئے کہتے ہیں کہ آنند میرا بھائی ہے، ہم بھارت کے بغیر فائنل کیسے کھیلیں گے۔
مومن ثاقب لڑکے کو گلے لگا کر دلاسہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کا فائنل ہو۔
کامیڈین و اداکار مومن ثاقب ویڈیو میں اس لڑکے کو کہتے ہیں کسی طرح گراؤنڈ کی لائٹیں کاٹ دو یا میدان میں پانی ڈال دو۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنند ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا، آؤ آنند مین ساکٹ سے کچھ کرتے ہیں۔
ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں بھارتی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کا سانگ چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے بعد سری لنکا نے بھی سپر فور مرحلے میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ایشیا کپ میں آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹاکرا ہو گا۔