• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوشش ہوگی ورلڈکپ میں فائنل کھیلیں اور فتح حاصل کریں، محمد وسیم

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم قومی ٹیم کے ورلڈکپ فائنل کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں، کہتے ہیں کہ کوشش ہوگی ورلڈکپ میں فائنل کھیلیں اور فتح حاصل کریں۔

ویمن ٹیم کے کرکٹ ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ کوالیفائی کرنا ہمارا ہدف تھا جو حاصل کر لیا۔

تھائی لینڈ کے خلاف جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ٹیم نے ہر ڈپارٹمنٹ میں اچھا پرفارم کیا ہے۔

اس ایونٹ میں ہم نے کافی مثبت چیزیں حاصل کی ہیں، ہمارا کام کھیلنا ہے، جہاں بھی کرکٹ ہوگی وہاں کھیلیں گے۔ آج کی کنڈیشنز مشکل تھیں اس لیے تھوڑا سنبھل کر کھیلا۔ ہمارا اگلا ہدف اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کرنا ہے۔

تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں ہم نے اپنی بینچ اسٹرینتھ کو آزمایا، جب جیت مل جائے تو خامیوں کو ڈسکس نہیں کرتے۔

میں نے جب عہدہ سنبھالا تو تب ہی ٹیم کو کوالیفائی کھیلنا تھا، ہم کوالیفائنگ راؤنڈ کےلیے نہیں، ورلڈکپ کی تیاری کر رہے تھے، مجھے یقین تھا کہ ہم کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا میچ کہیں بھی کروادیں، ہم نے کرکٹ کھیلنی ہے، ابھی تک ورلڈکپ کےلیے دو وینیوز کا سننے میں آرہا ہے، کوشش ہوگی ورلڈکپ میں فائنل کھیلیں اور فتح حاصل کریں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید