ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ بات چیت کے لیے کوئی پیشگی شرائط نہیں ہیں، انہوں نے تعلقات میں بہتری کے لیے ریاض کو تعمیری سوچ اپنانے کا کہا۔
ایک نیوز کانفرنس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران سعودی عرب کی طرف سے کسی بھی تعمیری اقدام کا اسی کے مساوی ردعمل دے گا۔
یاد رہے کہ تہران اور ریاض میں 2016ء کے دوران تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔
گزشتہ ماہ تہران نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ بات چیت کا چھٹا مرحلہ عراق میں حالات ٹھیک ہونے کے بعد بغداد میں منعقد ہوگا۔
رواں برس مئی میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ عراق کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت پر پیشرفت ہوئی ہے لیکن یہ کافی نہیں۔