ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے عظیم باکسر محمد علی کے انتقال پر باکسر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم باکسر کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔رنبیر کپور نے ایک بھارتی جریدہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی ہر دور میں عظیم تھے، باکسر نے دنیا کے بیشتر افراد کو حوصلہ اور امنگ دی اور امریکا میں افریقن کمیونٹی کیلئے جو کچھ کیا،اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اداکار نے ان خیالات کا اظہار کرکٹر اور بالی وڈ فنکاروں کے درمیان فٹبال کے امدادی میچ کے انعقاد کے موقع پر کیا۔ ابھیشیک بچن،جن کے فلاحی ادارے نے ا س فٹبال میچ کا انعقاد کیا تھا، نے کہا کہ عظیم باکسر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہم نے لاکر روم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی، محمد علی میرے ہیرو تھے،وہ کھیلوں کی دنیا کی پہلی شخصیت تھے جن کے بارے میں میرے والد نے مجھے بتایا تھا،مجھے یہ سن کر بہت صدمہ ہوا کہ وہ پارکنسن اور عارضہ تنفس سےجاری جنگ ہار گئے۔ وہ صرف میرے نہیں پوری دنیا کے آئیڈیل تھے اور سب ہی کو ان کی موت کا صدمہ ہوا ہے، اور یہ میچ ہم نے ان ہی کے اعزاز میں کھیلا تھا۔یاد رہے کہ عظیم باکسر محمد علی کا نتقال جمعہ 3جون کو ہوا تھا۔