چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف ہر جگہ جا کر کہتے ہیں کہ میں مجبور ہوں، مانگنے نہیں آیا، شہباز شریف ہر جگہ پاکستان کو ذلیل کراتے ہیں۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹوڈنٹس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے جہاد کرنا ہو گا، یہ جہاد آپ اپنی نسلوں کے لیے کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج 80 فیصد خواتین کو حقوق نہیں مل رہے، اندرونِ سندھ بدترین غلامی ہے، مغرب میں جانوروں کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ریاستِ مدینہ میں خلیفہ بھی عدالت میں پیش ہوتے تھے، جب ملک میں چور اوپر بیٹھ جائیں تو ترقی کیسے ہو گی؟
انہوں نے مزید کہا کہ تمام غریب ممالک میں زرداری اور نواز شریف جیسے لوگ پیسہ باہر لے جاتے ہیں، آج چوروں نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ ان کے ہر روز باری باری جرم معاف ہو رہے ہیں، اگر یہی کرنا ہے تو باقی لوگوں کو بھی جیل سے رہا کر دیں، پاکستان کی تاریخ میں آج فیصلہ کن وقت ہے۔