• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا موسم چند روز تک خوشگوار رہنے کا امکان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں چند روز تک ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سندھ کے بیشترمقامات سے مون سون ہوائیں رخصت ہوجانے کے باعث صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں سمیت بیشتر مقامات میں چند دن تک موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تھرپارکر اور جنوب مشرقی سندھ میں آئندہ چند روز تک مون سون ہوائیں چل سکتی ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ 26 سے 27 ستمبر کے دوران راجستھان کے قریب اینٹی سائیکلون سرکولیشن بن سکتی ہے جو مون سون ہواؤں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ اس کے باعث پاکستان میں باقی رہ جانے والی مون سون ہوائیں بھی جلد نکل جائیں گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں 30 ستمبر تک سمندری ہوائیں بھی اچھی رفتار سے چلیں گی، جس سے موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے جبکہ آج رات بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

شہر کا درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا آئندہ دنوں کے موسم کی صورتحال سے متعلق مزید کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں مغربی ہوائیں اثر انداز ہورہی ہیں۔

آج سے گلگت بلتستان، کے پی اور کشمیر میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ پنجاب، شمالی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ 3 سے 4 دن تک پنجاب اور شمالی حصے میں مغربی ہواؤں کا سسٹم سرگرم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں آج چند مقامات پر تیز بارش جبکہ بلوچستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران پہاڑوں پر برفباری کے امکانات بھی ہیں جبکہ 7 سے 10 دن کے دوران شمالی حصے میں موسم سرما شروع ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 3 روز تک موسم گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے۔

جبکہ آج کراچی، ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر میں بوندا باندی اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر تک مطلع جزوی ابر آلود اور رات و صبح کے اوقات میں بوندا باندی اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید