لاہور(خبر نگار) چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کو دنیا کی بڑی معاشی طاقتوں کی صف میں لا کھڑا کرنے کا سنہری موقع ہے۔ علاوہ ازیں انجنیئرز کیلئے بھی بہت سیکھنے اور عملی جامہ پہناکر پاکستان کو خوشحال اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی گنجائش بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سب کیمپس نارووال کے پہلے سیشن کے کامیاب طلبہ کی جانب سے صنعتی اوپن ہائوس 2016ء میں لگائے گئے پراجیکٹس کی نمائش کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد ، وائس چانسلر ایجوکیشن یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم، چیئرمین پاکستان انجنیئرنگ کونسل انجنیئر جاوید سلیم قریشی ، ڈی سی او ناروال، چینی وفد، انڈسٹری سے محمد عارف، قیصر شبیر، ڈینز، رجسٹرار، پبلک ریلیشنز آفیسر، اساتذہ سمیت طلبا ء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یو ای ٹی نارووال کیمپس ایک خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے یہ صنعتی علاقے سے متصل رقبے پر قائم ہے لہذاانڈسٹری کو ہر گھر کے دروازے پر موجود اعلیٰ تکنیکی مہارتوں سے لیس افرادی قوت کا بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیئے جسکی بدولت ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک بھر میں انجنیئرنگ کی تعلیم عام کرنے میں کوشاں ہے کیونکہ تکنیکی تعلیم ہی کسی بھی ملک کا مستقبل بدلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ دوراندیشی اور دیر پا حکمت عملی کی سوچ کو اپنا نا چاہیئے جو ملکی ترقی میں بہت معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواب، فیصلے، نظم و نسق اور خدا کی مدد کامیابی کی طرف لے کر جاتے ہیں لہذا ان چاروں عناصر کو مکمل توجہ درکار ہوتی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایک جدید انویشن سینٹر کا قیام بھی سب کیمپس نارووال میں عمل میں لایا جائے گا جس سے خود روزگار کی سوچ کی تقویت ملے گی اور ملک میں موجود بے روزگاری کا مئوثر سدباب کیا جاسکے گا۔ اس پر موقع پر پاکستان انجنیئرنگ کونسل کے چیئرمین انجنیئر جاوید سلیم قریشی نے کہا کہ یو ای ٹی سب کیمپس نارووال ، نارووال اور اس کے مضافات کا مستقبل بدل کے رکھ دے گااور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کردے گااس خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کیلئے کامیاب لوگوں کی زندگیوں پر سٹوڈنٹس کو مکمل غور کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ آئندہ دور کے چیلنجز کا باخوبی سامنا کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ای سی نئے گریجوایٹس کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر رہا ہے اور اس کے علاوہ ہر سال پہلے سمسٹر کے طلبہ کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ اور ملک بھر میں سب سے بہترین پراجیکٹ قرار دیئے جانے پر دس لاکھ روپے کا انعام بھی دیا جائے گا۔ اسی دوران وائس چانسلر یوای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری اور نتیجہ خیز تکنیکی تعلیم ہی ملکی ترقی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے اس لیئے جامعہ اپنی تمام تر توجہ اسی پر مرکوز کیئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے ساتھ جامعہ کا رابطہ اشد ضروری ہے اس کیلئے تمام و سائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مضبوط ، فعال اور دیر پا تعلقات قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواب بہت منازل کا تعین کرتے ہیں مگر محنت سے ہی خوابوں کی تعبیر ہوسکتی ہے اسی لیئے طلبہ کو چاہئیے کہ اپنی محنت اور لگن سے ملک کا نام روشن کرنے کیلئے عزم کو مضبوط رکھیں۔ ۔ تقریب میں مہمانوں اور طلبہ کے درمیان شیلڈ ز تقسیم کی گئی۔ آخر میں تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے سائٹ کا معائنہ بھی کیا گیا اور جاری کاموں پر تسلی کا اظہار کیا گیا۔