انگلش کرکٹر لیام ڈاؤسن کا کہنا ہے کہ کراچی میں چوتھا ٹی ٹوئنٹی قریب آکر ہارے، میچ فنش نہ کر پانے پر مایوسی ہے، غلطی سے سبق سیکھ کر آئندہ بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انگلینڈ کی تین رنز کی شکست کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں لیام ڈاؤسن نے کہا کہ انگلش ٹیم گیم میں پیچھے تھی، چھ سات وکٹیں گر گئی تھیں اور ٹیم کو 11 سے 12 رنز کا ایوریج درکار تھا اور ایسے میں کھونے کو مزید کچھ نہیں تھا اس لیے فیصلہ کیا کہ گیند کو ہٹ کرنا ہے لیکن ایسا اختتام نہیں چاہتا تھا۔
لیام ڈاؤسن نے میچ میں 17 گیندوں پر 34 رنز بنائے، انہوں نے محمد حسنین کے اٹھارویں اوور میں 24 رنز بھی بٹورے لیکن پھر میچ کو قریب لا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
32 سالہ کرکٹر نے کہا کہ میچ فنش نہ کر پانے پر مایوسی ہے کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انگلینڈ کو یہ میچ جیتنا چاہیے تھا۔
جیو نیوز نے پوچھا کہ حارث رؤف کی گیند پر وکٹ کھونے کے بعد کیا احساس تھے تو ڈاؤسن نے کہا کہ میں اس وقت شش و پنچ میں مبتلا تھا کہ گیند کو ہٹ کروں یا سنگل لوں، غلطی سے سبق سیکھا ہے اور کوشش ہوگی کہ آئندہ گیند کو بھرپور طاقت سے ہٹ کیا جائے۔
کراچی کے کراؤڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں کا کراؤڈ بہترین تھا، وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ پہلے یہاں پی ایس ایل کھیل چکے ہیں اور اس دوران بھی کراؤڈ کو خوب انجوائے کیا، کراچی کے فینز کا شکریہ جنہوں نے تمام 4 میچز میں ہاؤس فل کیا، امید ہے لاہور میں بھی ایسا ہی ماحول ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے تجربے کے حوالے سے لیام ڈاؤسن نے کہا کہ یہ ایک بہترین اور معیاری لیگ ہے، جب بھی کھیلا کافی انجوائے کیا، دیگر کھلاڑیوں کی بھی یہی رائے ہے کہ پی ایس ایل میں بہت عمدہ اور سخت مقابلہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیریز دو۔ دو سے برابر ہونے کے بعد لاہور کے تینوں میچز کافی اہم ہو گئے ہیں جس میں کافی سخت مقابلہ ہو گا۔